ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے کے مقامی لوگوں کا غیر مقامی افراد نے جینا محال کردیا، حملے روز کا معمول بن گئے۔ ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے میں غیر مقامی افراد نے مقامی لوگوں کا جینا محال کردیا ہے، جھمپیر کے قریب گائوں لطیف چانگ کے نزدیک قائم لکی کول مائنز کی انتظامیہ نے اپنے غیر مقامی ملازم اور سیکورٹی گارڈز کی مدد سے مقامی لوگوں پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور ایک غریب مزدور غلام حیدر عرف نوشی چانگ کو لہولہان کردیا۔ زخمی مزدور کو جھرک اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی رپورٹ جھمپیر تھانے پر بااثر غیر مقامی افراد کیخلاف داخل کرادی گئی ہے، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ دوسری طرف زخمی غلام حیدر چانگ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے گائوں کے پاس کوئلے کی کانیں ہیں، جس پر غیر مقامی لوگوں نے قبضہ کرکے مقامی لوگوں کا جینا محال کردیا، قامی لوگوں سے روزگار سمیت تمام حقوق چھین لیے گئے ہیں۔