سعید غنی کا کراچی اور ٹھٹھہ کے تعلیمی اداروں کا دورہ

345

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسکولز اور کالجز میں سماجی فاصلے کے لیے اساتذہ اور طلبہ کو ازخود اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے۔ وزیر تعلیم نے پیر کے روز کراچی کے علاقے ملیر میں اے آر جی گورنمنٹ ڈگری کالج رزاق آباد اور گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول رزاق آباد اور بعد ازاں ٹھٹھہ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول
کا اچانک دورہ کیا۔ انہوںنے کالج پرنسپل اور تمام اساتذہ کو ہدایات دی کہ وہ بات کو یقینی بنائیں کہ وہ خود بھی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور طلبہ سے بھی عمل کرائیں۔ صوبائی وزیر نے رزاق آباد میں کالج میں ایس او پیز، تدریسی عمل و دیگر امور کا جائزہ لیا۔ گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول رزاق آباد کا دورہ کیا اور وہاں کلاسوں میں سماجی فاصلہ کے فقدان پر متعلقہ پرنسپل کو ہدایات جاری کی۔انہوںنے کہا کہ اگر بچے زیادہ ہیں تو انہیں شفٹوں اور متبادل دنوں میں بلایا جائے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے اسکول میں متعدد بچوں کے پاس ماسک نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اپنے ہاتھوں سے بچوں کو ماسک تقسیم کیے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم ٹھٹھہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پہنچ گئے۔سعید غنی نے تدریسی عمل کا جائزہ لیااور سینیٹائزر، ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا البتہ اسکول میں صفائی کے فقدان پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنی ڈیوٹیوں پر بہر صورت حاضر رہیں۔