سراج الحق کی عبدالغفارعزیز کی رحلت پر ان کے بیٹے سے اظہار تعزیت

654

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نائب امیر عبدالغفار عزیز کےانتقال پران کے بیٹے سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا۔

عبدالغفار عزیز کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد منصورہ میں ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جماعت اسلامی کے امراء و کارکنان کی بڑی تعداد منصورہ پہنچ رہی ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نماز جنازہ کی امامت کریں گے۔نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہے اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما، عہدیدار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی جنازے میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

عبدالغفار عزیز کی نماز جنازہ بعدنماز ظہر 1:30 ادا کی جائے گی۔ان کا جسد خاکی منصورہ پہنچایا جارہا ہے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر، عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنما معروف اسلامی اسکالر عبدالغفار عزیز رات گئے جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے، عبدالغفار عزیز 1 سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

نائب جماعت اسلامی پاکستان کے انتقال کی خبر کی تصدیق سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کی، انہوں نے کہا کہ عبدالغفار عزیز کے انتقال سے پاکستان اور عالم اسلام ایک سچے محب وطن اور بلند پایہ اسلامی سکالرسے محروم ہوگیاہے، عبد الغفار عزیز نے پوری زندگی اسلامی نظام حیات کے نفاذ کی جدوجہد میں گزاری، ان کا تعلق ایک اعلی تعلیم یافتہ،متمول اور دینی اقدار کے حامل خاندان سے تھا، ان کے انتقال کی خبر اسلامی دنیا میں اسلامی تحریکوں سے وابستہ افراد کو سوگوار کرگئی ہے۔