حکومتی ناپاک کردار افواج پاکستان کو متنازعہ بنارہے ہیں، رانا ثناء اللہ

796

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خا ن نے کہا ہے کہ حکومتی ناپاک کردار افواج پاکستان کو متنازعہ بنارہے ہیں، عمران نیازی کا چپڑاسی شیخ رشید اور شہباز گل کیا افواج پاکستان کے ترجمان ہیں؟ ڈی جی آئی ایس پی آر واضح کریں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خا ن نے ڈاکٹر شہبازگل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی اداروں کو اپنی گھٹیا سیاست کے لئے متنازعہ بنا رہا ہے،ملکی اداروں کو سیاسی فریق بنانا صرف پاکستان کے دشمنوں ہی کی خواہش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وَن پیج‘ کے خودساختہ ترجمان ان اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں جن کی غیرجانبداری آئین اور قومی سلامتی کا ناگزیر تقاضا ہے،شہبازگل اور چپڑاسی شیخ رشید کی تعیناتی سے ثابت ہوتا ہے کہ صرف یہ ہی میرٹ پر عمران خان کے ترجمان ہیں،جو خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے وہ کسی کی بہتری میں نہیں،حکومتی ناپاک کردار افواج پاکستان کو متنازعہ بنارہے ہیں، افواج پاکستان کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو وضاحت کرنا ہوگی کہ کرائے کے یہ ترجمان ان کی آفیشل نمائندگی کرتے ہیں؟غدار ، انڈین ایجنٹ ، وغیرہ وغیرہ کے مسترد شدہ بیانیے سے نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن سیلیکٹڈ عمران نیازی کے لئے خطرناک ثابت ہو گا،مریم نواز کی جن ملاقاتوں کا جھوٹا ذکر کیا جا رہا ہے کیا وہ شہباز گل کی موجودگی میں ہوئیں ؟۔

رانا ثناء اللہ خا ن نے کہا کہ حکومتی کرپشن، ووٹ چوری، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی تباہی پر اپوزیشن کے سوالات کا جواب نہیں ملتا تو انڈین ایجنٹ اور غدارکی گردان شروع کردی جاتی ہے،غداری اور انڈین ایجنٹ کے الزامات لگاکر حکومت اپنے کرپشن کے بیانیہ کی مکمل ناکامی کا اعتراف کرچکی ہے، اپنے جھوٹ کے دفاع میں حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں۔