مسلم لیگ (ن) کی ترجمان و سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نون لیگ غداری کے بیانیے سے ڈرنے والی نہیں، کرائے کے ترجمانوں کو جب کچھ نہیں ملا تو غداری کی سازشیں شروع کردیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرائے کے ترجمان صبح شام خطرناک بیانیہ شروع کر دیتے ہیں۔ ہمیں کسی کو غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں دینا کیوں کہ ہمارے قائد نواز شریف نے ووٹ کو عزت دینے کا کہا ہے۔
نون لیگی ترجمان نے کہا کہ حکومت چور اور کرپٹ ہے اسی لیے آٹا اور چینی مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکتی ہے۔ حکومت عوام کے بجائے مافیاز کی جیبیں بھر رہی ہے۔ آج پاکستانی عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان روز مریم نواز، شہبازشریف، نوازشریف کے خلاف بولتے ہیں۔ یہ خود نالائق چور ہیں اس لیے میڈیا پر بھی قدغن لگاتے ہیں۔ حکومت کی ترجیح کرپشن روکنا نہیں بلکہ ہر مخالف آواز کو بند کرنا ہے۔ کابینہ اجلاس اس لیے ہوتا ہے کہ کس کے خلاف مقدمہ بنانا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولہ ملک پرمسلط ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کے سامنے عیاں ہوگیا۔ 2018 سے 2020 تک کرپشن کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا جو عوام کو پتا چلا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بیس کلو آٹا 1100روپے میں بیچا جا رہا ہے۔ جب کہ یوٹیلٹی اسٹور میں دستیاب آٹا جانوروں کو ڈالا کے قابل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں آٹا 35 روپے فی کلو تھا۔
انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں ایک سال میں 45 فیصد اضافہ ہوا، دودھ 25 فیصد، انڈے کی قیمت میں 78 فیصد اضافہ ہوچکا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018 میں چینی کی فی کلو قیمت 53 روپے تھی اور آج 110 روپے ہے۔ 2018 میں مونگ کی دال کی فی کلو قیمت 114 روپے تھی اور آج 330 روپے ہے۔ آلو کی قیمت میں 3 مہینوں میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے۔