سانگھڑ، آٹے کا بحران، قیمتوں میں دوگنا اضافہ، شہری پریشان

204

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) سانگھڑ میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، آٹا چکی مالکان کی جانب سے تیسرے روز بھی ہڑتال جاری، چکییاں بند۔ حیسکو بجلی چوروں کے ہاتھ بے بس، حیسکو انتظامیہ بجلی چوری روکنے میں مکمل ناکام، بجلی چوری کا بوجھ آٹا چکی مالکان پر ڈال دیا۔ سانگھڑ میں واپڈا کی جانب سے زیادتیوں کیخلاف تیسرے روز بھی آٹا چکیاں اور آئل اسپیلرز مکمل طور پر بند، آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، آٹے کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ، شہری پریشان۔ سانگھڑ میں واپڈا کی زیادتیوں اور من مانیوں کیخلاف آٹا چکی ایسوسی ایشن کی جانب سے آج تیسرے روز بھی آٹا چکیاں بند، جس کے باعث شہر بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا اور شہر بھر میں آٹے کی چکیاں بند ہونے سے قیمتیں دگنی ہوگئیں، جس کی وجہ سے شہری پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ اس موقع پر آٹا چکی ایسوسی ایشن اور آئل اسپیلرز کے صدر اللہ دتہ، جنرل سیکرٹری سہیل احمد، اطالاعات سیکرٹری آصف رضا زئی، محمد شوکت، رمیش کمار، محمد شاہد قریشی، سید عاطف علی، سید عاشق علی ودیگر نے کہا کہ ہم پچھلے چالیس سے کاروبار کررہے ہیں، واپڈا نے ہمارے جائز کنکشن کاٹ دیے، ہماری آٹے کی چکیوں میں بجلی کے میٹر چالیس پچاس سال سے لگے ہوئے ہیں اور ہر چکی والا وقت پر بجلی کا بل ادا کرتا ہے اور کسی کی جانب واپڈا کے بقایا جات نہیں ہے، عقیل نور میمن اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ڈیڈکیشن لگا کر عوام کو پریشان کررہا ہے، جب سے سانگھڑ میں ایکسیئن واپڈا عقیل نور میمن تعینات ہوا ہے، اس کے تعینات ہونے سے ہر شہری پریشان ہے۔ واپڈا کا عملہ خود ٹرانسفارمر میں غیر قانونی کنڈے لگا کر دیتے ہیں اور ماہانہ لاکھوں کی رشوت وصول کررہے ہیں اور ان کا اضافی بل عام شہریوں پر ڈیڈکیشن لگا کر وصول کیا جاتا ہے اور انہی غیر قانونی کنڈوں کی وجہ سے ہماری آٹے کی چکیوں کے کنکشن کاٹے گئے ہیں اور واپڈا کو بار بار تاکید کرنے کے باوجود کنکشن نہیں لگائے جارہے، جس کی وجہ سے ہم نے مجبور ہوکر آٹے کی چکیاں غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہر بھر میں آٹا چکیاں بند ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے شہری پریشانی میں مبتلا ہیں جب تک ہمارے بجلی کے کنکشن بحال نہیں ہوتے چکیاں مکمل طور پر بند رہیں گی، ہمارا پانی و بجلی کے وزیر سے مطالبہ ہے کہ ایسے کرپٹ ایکسیئن واپڈا کیخلاف فوری انکوائری کرائی جائے اور بجلی بحال کرکے شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے۔