میونسپل انتظامیہ سکھر شہر کو صاف پانی فراہم کرنے میں مکمل ناکام

159

سکھر (نمائندہ جسارت) اہل سکھر کو پانی فراہم کرنے میں ناکام میونسپل انتظامیہ نے مہنگے داموں پانی فروخت کرنا شروع کردیا، بوند بوند کو ترستے شہری اب مہنگے داموں پانی حاصل کرسکیں گے، شہر کی صفائی کے لیے منگوائی گئی جدید ترین سرکاری مشینری بھی کرایہ پر چڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں فل سائز واٹر ٹینکرز کی قیمت دو ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ درمیانے درجے کا ٹینکر پندرہ سو اور چھوٹے ٹینکر کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل پانی کی قلت سے دو چار بیشتر علاقوں کو مفت پانی سپلائی کیا جاتا تھا، تاہم نئے تعینات ہونے والے میونسپل ایڈمنسٹریٹر نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پانی کے نرخ مقرر کردیے ہیں، جبکہ اس ہی نوٹیفکیشن میں شہر کی صفائی کے لیے منگوائی گئی، جدید ترین سرکاری مشینری بھی کرایہ پر چڑھانے کا فیصلہ کرکے لوڈرز، ٹریکٹر بلیڈز، ایگزویٹرز کو تین ہزار روپے فی گھنٹہ کی حساب سے کرایہ پر چلانے کا انوکھا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پانی کے نرخ اور سرکاری مشینری کرایہ پر چلانے کا مقصد میونسپل کارپوریشن کی آمدن میں اضافہ ہے۔