بلدیہ اعلیٰ سکھر صارفین کو بلاتعطل پانی فراہم کررہی ہے،نثار میمن

140

سکھر (نمائندہ جسارت) ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نثار احمد میمن نے واٹر ٹینکرز کے مقرر کردہ نرخوں کے حوالے سے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر چلنے والی غلط خبروں کی ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر سکھر نے اپنے جاری کردہ بیان میں نوٹیفکیشن کے حوالے سے مزید وضاحت کی ہے کہ ہم نے نئے نرخ مقرر نہیں کیے بلکہ سن 1976ء میں مقرر کیے گئے نرخوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریوائز کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرچکا ہوں مگر اس کے باوجود غلط تاثر پیدا کیا جارہا ہے۔ بلدیہ اعلیٰ سکھر اپنے ہزاروں صارفین کو بلاتعطل بذریعہ واٹر سپلائی پانی فراہم کررہی ہے جبکہ کسی تکنیکی وجہ سے فراہمی آب سے متاثرہ علاقوں میں بلامعاوضہ واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن میں واٹر ٹینکرز کے مقرر کیے گئے نرخ صرف کمرشل استعمال پر ہی وصول کیے جائیں گے، فیکٹریز، شادی ہالز، ہوٹلز، پلازوں یا کسی اور کمرشل استعمال کے لیے بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کرنا ہماری ذمے داری نہیں، لہٰذا کمرشل استعمال کرنے والوں کو نرخ ادا کرنا ہوں گے البتہ قلت آب والے علاقوں،لائن پھٹ جانے یا کسی اور ہنگامی صورتحال کی وجہ سے شہر کے جن علاقوں میں پانی کی ضرورت ہوگی بلدیہ اعلیٰ سکھر عوام کو حسب معمول بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کرے گی کیونکہ عام شہریوں کو پانی کی فراہمی بلدیہ کی ذمے داری ہے اور ہم اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔