اقوام متحدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان خواتین پر تشدد کو روکنے کے لیے قانون سازی کے اقدامات کر رہا ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خواتین سے متعلق عالمی کانفرنس کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق قومی ایکشن پلان میں اولین ترجیحی شعبوں میں سے ایک خواتین کا تحفظ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے ہم خواتین کے خلاف تشدد، گھریلو زیادتی، ہراساں کرنا، سماجی اور املاکی حقوق کے تحفظ کے امور کو مستقل طور پر حل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مفت قانونی مشورے دینے کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن (1099) قائم کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2020ء کو بیجنگ اعلامیے اور پلیٹ فارم فار ایکشن کی 25 ویں برسی منائی گئی جسے 189 ممالک نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔اس اعلامیے میں خواتین کو با اختیار بنانے کا ایجنڈا پیش کیا گیا جبکہ یہ صنفی مساوات سے متعلق عالمی پالیسی کے بارے میں ایک اہم دستاویز سمجھا جاتا ہے۔تاہم اقوام متحدہ کے 75 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور دیگر عالمی رہنماؤں نے اعتراف کیا تھا کہ ابھی تک یہ بااختیار نہیں ہوئی ہے۔