بہاولنگر، جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن،7 ملزمان گرفتار

288

بہاولنگر (این این آئی) پولیس تھانہ سٹی بی ڈویژن کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، بین الاضلاعی جوا پرچی مافیا سرغنہ اپنے سات ساتھیوں سمیت گرفتار، جدید الیکٹرونکس آلات سمیت جوئے پر لگی رقم برآمد، پولیس نے 5 سال سے مفرور راہزنی میں ملوث اے کیٹیگری کا خطرناک مجرم اشتہاری بھی گرفتار کرلیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قدوس بیگ کی ہدایت پر تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف شاندار کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر مشتاق احمد نے مخبر کی اطلاع پر سب انسپکٹر جواد احمد کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے بہاولی چوک سے بین الاضلاعی جواء پرچی مافیا کے سرغنہ ساجد خاں کو 7 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزمان بذریعہ موبائل فونز اور وائرلیس سیٹ جواء پرچی کی بکنگ میں مصروف تھے۔ پولیس نے موقع سے جدید الیکٹرونکس آلات، قمار بازی، 3 لیپ ٹاپ، 2 الیکٹرک بورڈ، 3 ٹیلی فون سیٹ، 4 ریموٹ، 1 گھڑی، 2 بکس، 27 موبائل فونز، 3 جی ایس ایم ڈیوائسز، 2 ایئر ٹیل ریسور، 18 چارجر وغیرہ اور قماری بازی پر لگی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ ملزمان کیخلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قدوس بیگ نے اس شاندار کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ اسی طرح سب انسپکٹر ماجد حسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید طریقہ تفتیش اور ٹیکنالوجی مدد سے عرصہ 5 سال سے مفرور راہزنی کے مقدمے میں ملوث اے کیٹیگری کے خطرناک مجرم اشتہاری محمد مشتاق عرف عثمانی ولد امید علی قوم مہار سکنہ ماکھے والی بہاولنگر کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزم واردات کے بعد گرفتاری کے ڈر سے مختلف اضلاع میں روپوش تھا۔ ملزم کو پابند سلاسل کرکے مقدمہ سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے۔ اسی طرح تھانہ بی ڈویژن پولیس اس موقع پر ڈی پی او بہاولنگر کا کہنا تھا کہ ضلع بہاولنگر کو کرائم فری زون بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ضلعی پولیس جرائم پیشہ افراد کیخلاف کامیاب کارروائیوں میں مصروف ہے۔