نوابشاہ ،ٹرک ڈرائیوروں کا پولیس گردی کیخلاف احتجاج

162

نواب شاہ(سٹی رپورٹر)نواب شاہ میں ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے پولیس کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے درجنوں ٹرک پریس کلب کے سامنے کھڑے کرکے سڑک بند کرکے احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین کی جانب سے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین سیف اللہ مشوری، غلام مرتضیٰ مری، فتح علی مری، علی احمد بروہی، ناظم حسین شاہ اور شعیب میمن ودیگر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ سروس کو بلاوجہ بند کیا گیا ہے، شہر میں ٹرکوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کی وجہ سے ہمیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر پولیس کی جانب سے تشدد کیا جاتا ہے رشوت طلب کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہران ہائی وے پر ٹرانسپورٹ سروس کو جانے کی اجازت دی جائے، سکرنڈ سے نواب شاہ گڈز ٹرانسپورٹ کے داخلے کی اجازت دی جائے اگر مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو سخت احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔