اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان کے لیے نئی ویزہ پالیسی پاکستان اور افعانستان کے مابین تعلقات اور تجارتی سرگرمیوں کو فروع دینے کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں بابری مسجد کی شہادت کے حوالے سے بھارت کی خصوصی عدالت کے فیصلے سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر نور الحق قادری
نے اسپیکر قومی اسمبلی کے افعانستان کے لیے نئی ویزہ پالیسی کی منظوری کے لیے کردار کی تعریف کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بابری مسجد کی شہادت کے حوالہ سے بھارت کی خصوصی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصی طور پر مسلمانوں کے بنیادی حقوق کو بری طرح پامال کیا جا رہا ہے اور اس فیصلے سے پوری امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ دونوں عمائدین نے اس مسئلے کو او آئی سی کے پلیٹ فارم پر اٹھانے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کی عبادت گاہوں کو حکومتی سطح پر تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔