شاہد خاقان طلب ، فضل الرحمٰن کو بھی قانون کے مطابق بلائیں گے ، نیب حکام

231
اسلام آباد: پی ڈی ایم کمیٹی کے اجلاس کے بعد راجا پرویز اشرف اورشاہد خاقان عباسی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

 

اسلام آباد(آئی این پی+آن لائن+ مانیٹرنگ ڈ یسک)شاہد خاقان کو آج طلب کر لیا گیا ‘ نیب حکام کا کہنا ہے کہ فضل الرحمن کو بھی قانون کے مطابق بلائیں گے۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم و سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایک اور کیس کھول کر انہیں طلب کرلیا۔شاہد خاقان کو سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن خالد سجاد کھوکھر کے تقرر کے کیس میں طلب کیا گیا ہے۔لیگی رہنما کو (آج) بدھ کی صبح 10 بجے نیب راولپنڈی کے دفتر میلوڈی اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی عدم پیشی کی صورت میں نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر مجھے نیب نے گرفتار کیا تو گرفتار ہوجائوں گا، مجھے گرفتارکرلیا گیا تو کون سی قیامت آجائے گی۔علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب ) نے بعض
میڈیارپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن کیخلاف نیب خیبر پختونخوا میں انکوائری جاری ہے‘انہیں قانون کے مطابق موقف معلوم کرنے کے لیے نیب خیبر پختونخوا میں بلایا جائے گا۔ادھر ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب)نے نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 8 اکتوبر کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نیب خیبر پختونخوا نے آمدن سے زاید اثاثوں کے کیس میں طلب کیا گیاہے۔