عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ،شہباز شریف کو فوری رہا کیا جائے،بلاول

236

کراچی(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہبا ز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاستدانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، یہ مفرور ڈکٹیٹر کو نہ تو نوٹس بھیجتے ہیںاور نہ ہی گرفتار کرتے ہیں۔مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف کی ضمانت خارج ہونے اور ان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے ‘ عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنا بند کریں۔ان کاکہنا تھا کہ مفرور ڈکٹیٹرجس پرسنگین الزامات ہیں اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے اورنہ ہی گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کی ہمشیرہ‘معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔ نیب کی جانب سے اپوزیشن رہنمائوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا، حکومت نے جو کر نا ہے کر لے ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔