ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی نمائش کردی

270

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس 700 کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت کے حامل جدید ترین بیلسٹک میزائل کی باقاعدہ نمایش کردی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نئے ہتھیار کا نام ’’ذوالفقار بصیر‘‘ رکھا گیا ہے، جس کی رونمائی پارلیمان کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں کی گئی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سائنس دانوں نے فضا سے فضا، زمین سے فضا، زمین سے زمین، سطح سمندر سے سمندر، ساحل سے سمندر اور سمندر کے اندر مار کرنے والے میزائلوں اور تارپیڈو کی طاقت اور توانائی میں زبردست اضافہ کیا ہے۔ ایرانی مسلح افواج ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت ایران کے پاس مختلف اقسام کے کروز میزائل ہیں، جن میں قادر، ظفر، کوثر، نور، قدیر، نصرو، نصرِ نصیر اور سومار شامل ہیں۔ ان میزائلوں کی خصوصیات میں ایک یہ بھی ہے کہ یہ تمام گاڑی یا آبدوز سے چلائے جا سکتے ہیں۔ دریں اثنا ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے ایک ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن ایران کے خلاف جنگ شروع کرے تو اسے ختم کرنا اس کے بس میں نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک تقریب سے خطاب میں امریکی پابندیوں کو وحشیانہ پن کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا تھا واشنگٹن کی پالیسیوں کی وجہ سے ایران کو ڈیڑھ کھرب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔