شیخ رشید فوج اور اپوزیشن میں چپقلش کا سبب ہیں‘مولانا چترالی

194

اسلام آباد (صباح نیوز)اپوزیشن کے اہم پارلیمانی جماعتوں کے ارکان گلگت بلتستان کے انتخابات کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں بھی شریک نہ ہو سکے‘ اپوزیشن سے عبد الاکبر چترالی کے علاوہ کوئی اجلاس میں شریک نہیں‘ جماعت اسلامی نے صورتحال کی ذمے داری وزیرریلوے شیخ رشید پر عاید کردی۔مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا ہے کہ شیخ رشید فوج اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چپقلش کا سبب بن رہے ہیں‘
شیخ رشید کو نکالیں پھر معالات ٹھیک ہو جائیں گے‘ چیئرمین کمیٹی اور حکومتی ارکان میںبدمزگی پیدا ہوگئی‘ آئندہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر غور ہوگا ۔پیر کوکمیٹی کا اجلاس چیئرمین مجاہد علی کی سربراہی میں ہوا۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان خرم آغا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ایسا کہنا درست نہیں کی نومبر میں انتخابات کرانے کا فیصلہ مناسب نہیں‘مجموعی طور پر24 نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن اس اجلاس میں نہیں ہے ۔ اس لیے اجلاس کو فوری ملتوی کر دیں‘یہ سب کچھ شیخ رشید کی وجہ سے ہوا ہے‘گلگت بلتستان کے معاملے کو بھی شیخ رشید نے بگاڑا ہے‘اپوزیشن پر شیخ رشید نے جو الزامات لگائے وہ قابل مذمت ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنما نے اصرارکیا کہ کمیٹی کا اجلاس ملتوی کیا جائے۔وزیر مملکت پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمیشہ اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی گئی‘مناسب نہیں ہو گا کہ ان معاملات کا بائیکاٹ کریں ۔