کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے(کے سی آر) کے لیے یہاں آیا ہوں ‘ سیاسی بات نہیں کروںگا‘ کے سی آر پر کام شروع ہوگیا ہے‘ میں ہر 15 دن بعد کراچی آیا کروںگا‘ میرا آپ سے وعدہ ہے‘ اس کے سی آر کو مکمل کریں گے‘ کے سی آر کے معاملے پر حکومت سندھ سے کوئی لڑائی نہیں ہے‘ہم سندھ حکومت کو ساتھ لے کر چلیں گے‘ وزیراعلیٰ سندھ سے2
ملاقاتیںکی ہیں جو بڑی کامیاب رہیں‘ چیف سیکرٹری سندھ اور کمشنر کراچی کا ہمارے ساتھ پورا تعاون ہے‘ کے سی آر کے مسئلے پر وفاقی حکومت اور سندھ حکومت ایک پیج پر ہے‘ حکومت سندھ کے ساتھ مل کر تجاوزات کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ریلوے حکام کی پیرکو میٹنگ ہے اور نقشہ دے دیا جائے گا ‘ عدالت عظمیٰ کے حکم پر ہم کو تجاوزات کو ختم کرنے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کے سی آر کے شاہ عبدالطیف اسٹیشن پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ10.5 بلین روپے کے سی آر پر خرچ کیے جائیں گے ‘ 24 پل حکومت سندھ نے بنانے ہیں اور ایف ڈبلیو او کو انہوں نے ٹھیکا بھی دیا ہے‘ سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ کے سی آر ٹریک کی بحالی سے بے گھر ہونے والوں کی رہائش کا انتظام کرے ۔