عمران خان کو گلگت الیکشن میں کھیل نہیں کھیلنے دیں گے،ن لیگ

230

لاہور (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی حکومت گلگت بلتستان کے عام انتخابات سمیت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے اپوزیشن کے ہاتھ پائوں باندھنا چاہتی ہے۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا مقصد ان انتخابات میں دھاندلی کرنا ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ ن حکومت کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے پری پول دھاندلی کے ہتھ کنڈے بند نہ کیے تو اپوزیشن احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن عمران نیازی کو 2018ء کا انتخابی کھیل گلگت بلتستان اور پنجاب میں کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دیے
وہاں ترقی کی راہ ہموار کی لیکن حکومت اب پنجاب سمیت گلگت بلتستان میں سیاسی دہشت گردی کے ہتھ کنڈے استعمال کرنا چاہتی ہے جسے پاکستان کے عوام قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ جبکہ حکمران پنجاب کے بلدیاتی اداروں میں بھی اپنے مند پسند لوگوں کو دھاندلی کے ذریعے کامیاب کروانا چاہتے ہیں مگر ملک کا قانونی عمران نیازی اور نیب کی ذاتی جاگیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان کی عدلیہ قانون کے مطابق فیصلے کرے گی جبکہ حکومت اپنا تمام وقت اپوزیشن کی کردار کشی پر صرف کر رہی ہے ۔حکمران احتساب کے نام پر انتقام لے رہے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت کو ریورس کیا جا رہا ہے تعلیم اور صحت کا ڈھانچہ گر رہا ہے۔ خوبصورت شہر گندگی کی ڈھیر بن گئے ہیں جبکہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی زراعت تباہ ہو کر رہ گئی۔