کوئٹہ(نمائندہ جسارت)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ فوج‘ عدلیہ‘میڈیا سمیت ہر ادارہ حد میں رہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کسی ادارے کی ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتا ‘ملک کے فیصلے 22کروڑ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کو کرنے دیے جائیں،ہمیں ملک کے تمام ادارے عزیز ہیں اس پر کوئی بھی سمجھوتا نہیں کرے گا‘یہ ایجنڈا سب کا ہونا چاہیے ‘ملک چلانے کا واحد راستہ تمام اقوام کی برابری اور ہر شہری کے عزت کرنے میں ہے‘ فوجی افسران حلف کی پاسداری کرتے ہوئے سیاست میں مداخلت سے باز رہیں‘غدار کی تعریف آئین میں موجود ہے‘ ایک ڈرامے میں پشتون اور پشتین کو الگ کر کے انتہا پسند قرار دیا گیا حالانکہ دونوں الفاظ کے ایک ہی معنی ہیں ‘قائد اعظم کے دور سے آج تک اقتدارمیں رہنے
والے وہ پرندے ہیں جو جس عمارت پر بیٹھے اسے کھنڈرات میں بدل دیں،ان کی سیاست پر پابندی لگانی ہوگی،پی سی او ججز سے تمام تر مراعات واپس لے کر ان ججز کو خراج تحسین پیش کیا جائے جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک اور ایک فیڈریشن ہے اس میں رہنے والی اقوام اپنی اپنی زبانیں بولتے ہیں سب کو آئین نے ایک دوسرے سے جڑے رکھا ہے جس کے تحت ہم پاکستان کے شہری ہیں ‘ ہم نے اپنی مٹی سے محبت اور اس کے دفاع کا عہد کیا ہے‘خدا کاشکر ادا کرتاہوں جو کچھ ہمارے اکابرین اس وقت کہا کرتے تھے آج پنجاب اور سندھ سے وہ نعرے اٹھ رہے ہیں ‘یہ ہماری نہیںپاکستانی عوام کی کامیابی ہے ۔