تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان

104

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے 46911 امیدواروں کو پاس کرکے گیارہویں جماعت میں پروموٹ کردیا گیا۔ کنٹرولر تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق دسویں جماعت کے سائنس اور جنرل گروپ میں لاڑکانہ، قنبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور، کندھکوٹ اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں کے این شاہ اور میہڑ سے تعلق رکھنے والے 47404 امیدواروں نے امتحانی فارم جمع کیے، جن میں سے مجموعی طور پر 44524 امیدواروں کو پاس کرکے گیارہویں جماعت میں پروموٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح سائنس گروپ میں 44818 نے امتحانی فارم جمع کروائے جن میں سے 2591 اے ون گریڈ، 13702 اے گریڈ، 19804 بی گریڈ، 7804 سی گریڈ، 1805 ڈی گریڈ اور 903 امیدواروں کو ای گریڈ میں پاس کرکے پروموٹ کیا گیا جبکہ 47 امیدواروں کے کاغذات نامکمل اور فیس کی رقم جمع نہ کروانے پر ان کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔ جنرل گروپ میں سے 2586 امیدواروں نے امتحانی فارم جمع کروائے جن میں سے 2387 امیدواروں کو پاس کرکے گیارہویں جماعت میں پروموٹ کیا گیا، جن میں سے 18 اے ون گریڈ، 79 اے گریڈ، 623 بی گریڈ، 1067 سی گریڈ، 660 ڈی گریڈ اور 67 امیدواروں کو ای گریڈ میں پاس کرکے پروموٹ کیا گیا جبکہ 198 امیدواروں کے کاغذات نامکمل اور فیس کی رقم جمع نہ کروانے پر ان کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔