فیصل آباد (آئی این پی) سول اسپتال میں میبنہ طور پر معمر خاتون کو علاج مکمل کیے بغیر وارڈ سے نکال دیا گیا، معمر خاتون بیماری کی حالت میں عمارت کے باہر فرش پر پڑی رہیں۔ فیصل آباد کے سول اسپتال کے فرش پر پڑی معمر خاتون کا کہنا تھا کہ وہ پیٹ کی بیماری میں مبتلا تھیں لیکن اسپتال انتظامیہ نے انہیں وارڈ سے نکال کر باہر فرش پر ڈال دیا۔ معمر خاتون کو اسپتال سے نکالنے کے معاملے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال آصف سلیمی کا کہنا ہے کہ معمر خاتون کو اسپتال سے نہیں نکالا گیا بلکہ انہیں کوئی لاوارث حالت میں اسپتال میں چھوڑ گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملے نے خاتون کو داخل کر کے علاج شروع کردیا گیا ہے جبکہ خاتون کے ورثا کا پتا چلانے کے لیے پولیس سے مدد لی جارہی ہے۔