کوئٹہ ، سڑک پر دو مختلف حادثات بچہ سمیت دو افراد جاں بحق

273

 

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں گاڑی کی ٹکر سے 3سالہ بچہ ہلاک ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خروٹ آباد میں 3سالہ بچہ عزت اللہ ولد محمد خان گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جس کی نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں مزید کارروائی پولیس کررہی ہے ۔ دوسری جانب کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ٹریکٹر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے ۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر ٹریکٹر کی ٹکر سے 19سالہ موٹرسائیکل سوار اسماعیل ولد گلاب سکنہ اختر آباد کوئٹہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کی نعش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں بعد ازاں لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ حادثے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے ۔کوئٹہ میں چارسالہ بچے کے قتل میں گرفتار گھریلو ملازمہ کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ کوئٹہ کے سمنگلی روڈ رحمن ہائوسنگ سوسائٹی میں چار سالہ بچے سعد شاہ کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے عدالت میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی ، عدالت نے پولیس کی درخواست منظورکرتے ہوئے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی مزید توسیع کردی۔ واضح رہے کہ گھریلوملازمہ پر بچے کو گلا گھونٹنے اور پانی میں ڈبوکرقتل کرنے کا الزام ہے۔