ابھی ملاقاتوں کا ذکر کیا، ٹیلیفون ڈیٹا لیک کیا تو قیامت آ جائے گی،شیخ رشید

233

لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ابھی تو عسکری قیادت سے صرف ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلیفون ڈیٹا آئوٹ کردیا تو اس ملک میں قیامت آجائے گی اور میں اگر چاہوں تو مشرف کا بھی سارا کھاتہ آئوٹ کرسکتا ہوں۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آخر کار ہر آدمی یہ کہہ رہا ہے کہ اپنی فوج کے سربراہ اور انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات میں کیا برائی ہے، یہ تو اعزاز کی بات ہے اس میں شرماتے کیوں ہیں، مجھے تو خوشی ہے آپ ملتے ہیں۔اپوزیشن رہنمائوں کی آرمی چیف کے ساتھ ملاقاتوں کے تناظر میں انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات ایسا ہوا کہ آپ اندر بیٹھے ملاقات کررہے ہوتے تھے اور ملاقات طویل ہونے کی وجہ سے میں باہر انتظار کررہا ہوتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جو تقریر کی وہ نریندر مودی کی تقریر ہے وہ را کی تقریر ہے، جب پاکستان میں ہوتے ہیں تو جنرل ضیاالحق کے جوتوں کی پیداوار ہوتے ہیں، پاکستان کا کوئی سیاستدان بتادے جو جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار نہیں ہے۔اپوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں بہت ذمہ داری سے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ یہ لوگ کیوں ہنگامہ آرائی چاہتے ہیں، اس لیے کہ سینیٹ کے انتخابات سے قبل یہ عمران خان سے جھگڑا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ نہ یہ دھرنا دیں گے، نہ ا ستعفا اور نہ ہی تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ میں نے 30 دسمبر کی تاریخ دی ہوئی ہے جس پر میں ثابت قدم ہوں کیوں کہ اس ملک نے آگے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھل کر کہا ہے کہ جو بھی سول حکومت ہوگی اس کے اختیار کو میں لبیک کہوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ میں اگر چاہوں تو پرویز مشرف کا بھی سارا کھاتہ بھی آئوٹ کرسکتا ہوں یہ تو قمر جاوید باجوہ ہیں، میں ان کے ساتھ تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے والی مریم نواز ہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ قوم ان سے پوچھے جن فلیٹس میں بیٹھ کر آپ خطاب کررہے ہیں یہ کس کے فلیٹ ہیں آپ کے پاس کہاں سے آئے یہ کس کا پیسہ ہے؟عوام کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ آپ کا پیسہ ہے، اپنے جیسے لوگوں کو دیکھیں، ہم نے کیوں ترقی نہیں کی؟ کیوں کہ غریب ہی غریب کا دشمن ہے جس دن غریب دوسرے غریب کا ساتھی بن گیا اس دن یہ ملک آگے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار، جاگیردار، صنعتکار، مافیاز سب متحد ہیں، کیا وجہ ہے آٹا چینی مہنگا ہوا ہم مافیا کا مقابلہ نہیں کرسکے کیوں کہ وہ متحد تھے لیکن عمران خان کی قیادت میں ہم مافیا کو شکست دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاک فوج کا ترجمان ہوں را کا ایجنٹ نہیں ہوں۔ میں اپنی بندوق سے پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے جان دینا چاہتا ہوں۔