شہباز شریف کی گرفتاری حکومت کو بہت مہنگی پڑیگی، رانا تنویر

206

شیخوپورہ (آن لائن) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما، رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومتی سازشیں سمجھ رہے ہیں، شہباز شریف کی گرفتاری کی کوشش حکومت کو مہنگی پڑے گی، شہباز شریف کی گرفتاری کیلیے پر تولتی حکومت گلگت بلتستان کا یکطرفہ انتخاب چاہتی ہے، بلدیاتی انتخابات میں حکومت کا جھرلو چلے گا نہ ن لیگ کی قیادت کی گرفتاری سے اسے جیت حاصل ہوگی، حمزہ شہباز کو علالت کے باوجود علاج معالجے کی مؤثر سہولیات فراہم نہ کرنا، مریم نواز کے قافلے پر دھاوا بولا جانا، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بیان بازی اور میڈیا ٹرائل سمیت ہر حکومتی حربہ اپوزیشن بالخصوص نواز لیگ کو دبانے کی ناکام کوشش ہے جس کارد عمل ضرور آئے گا، اپوزیشن متحد دیکھ کر حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ رانا تنویر حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ اور بجلی کے نرخ مزید بڑھانے سمیت مہنگائی کا سونامی عوام کو بہا لے گیا ہے، 2 وقت کی روٹی کا حصول عام شہری کیلیے ممکن نہیں رہا اور حکمران اندرونی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بین الاقوامی مسائل کے حل کے دعوؤں سے جگ ہنسائی کروا رہے ہیں۔