افغان امن معاہدہ اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اسد قیصر

497

اسلام آباد ( آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغان امن معاہدہ خطے کے امن اور ترقی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان پرامن، مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کے مابین روابط قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔پاکستان، افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔اس موقع پر افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔