نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ میں317 ایڈز کے مریضوں کا انکشاف، پیپلز میڈیکل اسپتال میں 40 بستروں پر مشتمل میڈیکل آئی سی یو وارڈ اور ایڈز فیملی ہیلتھ سینٹر قائم کردیا گیا جبکہ کافی عرصے سے خراب پڑی سی ٹی اسکین مشین کو بھی فعال کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے پیپلز میڈیکل اسپتال میں میڈیکل آئی سی یو وارڈ اور فیملی ایڈز ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کیا جبکہ سی ٹی اسکین مشین اور انڈو اسکو پی کو بھی فعال کردیا گیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر کا کہنا تھا کہ 1 ہزار بستروں پر مشتمل پیپلز میڈیکل اسپتال عوام کی سہولت کے لیے 40 بستروں پر مشتمل میڈیکل آئی سی یو وارڈ قائم کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ایڈز فیملی ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں 317 ایڈز سے متاثرہ مریض ہیں، جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیملی ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع سے آنے والے مریضوں کو بھی صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدمات کیے جارہے ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف رضا بروہی کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے خراب پڑی ہوئی سی ٹی اسکین مشین کے فعال ہونے سے غریب مریضوں کو اب مفت سہولیات میسر ہوسکیں گی جبکہ انڈو اسکوپی کو بھی فعال کیا گیا ہے۔