ایران پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینگے‘ امریکا

285

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ میں امریکی خاتون مندوب نے کہا ہے کہ واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے۔ عرب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کیلی کراٰفٹ کا مزید کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ملک کو سزا دی جائے گی، جس کے تحت واشنگٹن حکومت ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرے گا۔ ایرانی حکومت دہشت گردی کو اقتدار میں رہنے کے لیے استعمال کررہی ہے۔ دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکی قومی سلامتی کی ٹیم کے سینئر ارکان کی موجودگی میں صحافیوں کو بتایا کہ واشنگٹن نے بھی وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں کیوں کہ انہوں ن ے تہران کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب لندن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کریسٹین جیمز نے کہا ہے کہ واشنگٹن کو اقوام متحدہ کے ارکان کی جانب سے ایران کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں پر مکمل عمل کرنے کی توقع ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا مقصد خطے میں انتشار پھیلانے سے روکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اب تک کامیاب رہی ہے۔