اسلام آباد (آن لائن)عدالت عظمیٰ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں گرفتار خورشید شاہ اور انکے بیٹے کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کو آئندہ سماعت تک اپنے دلائل کا خلاصہ جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ کیس کی آئندہ سماعت کےلیے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی خصوصی بینچ تشکیل دیا جائیگا۔ دوران سماعت نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ضمانت پر رہا ہونے والے شریک ملزمان کے خلاف اپیلیں دائر کی ہیں،درخواست گزار وں کی جانب سے
بھی 2 درخواستیں دائر کی گئی ہیںجن کی کاپی ہمیں نہیں ملی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے خورشید شاہ کے وکیل رضا ربانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے دلائل سن کر انجوائے کریں،ہم یہ کیس سننا چاہتے ہیں لیکن نیب کو وقت درکار ہے،5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کا آرڈر کر دیتے ہیں،اس ہفتے میں بیشتر بینچ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں ہونگے اس کیس کےلیے خصوصی بینچ بنایا جائیگا۔