ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گھارو میں ڈکیتی و جرائم کی وارداتوں کیخلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، تمام کاروباری مراکز بند، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی۔ ٹھٹھہ ضلع کے اہم تجارتی شہر گھارو میں بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، کچھ روز قبل مسلح افراد نے ایک موبائل شاپ کے مالک نوجوان گڈو کو گولیاں مار کر 8 لاکھ روپے چھین لیے تھے، مختلف اوقات میں موٹر سائیکل چوری و منشیات فروشوں نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، جس کی وجہ سے تاجر برادری کی اپیل پر گھارو کے شہریوں نے شٹر بند ہڑتال کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ تاجربرادری کی اپیل پر گھارو شہر کے کاروباری مراکز دکانیں، اہم مارکیٹیں اور پیٹرول پمپ بند رہیں، جس کی وجہ سے گھارو کے تمام راستے ویران نذر آئے، ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے دور دراز سے آنے جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر تاجر رہنما ڈاکٹر کامران کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ پولیس اپنا فرض پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، آئے دن جرائم پیشہ افراد نے تاجر رہنمائوں اور شہریوں سے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے گھارو کے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔