تعلیمی بورڈ سکھر، انٹرکے سالانہ نتائج کا اعلان ،سوفیصد امیدوار کامیاب

140

سکھر (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ سکھر نے بارہویں جماعت پری میڈیکل و پری انجینئرنگ، آرٹس، کامرس اور ہوم اکنامکس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق اس سال بارہویں جماعت کے امتحانات میں تقریباً سو فیصد امیدواروں کو مختلف گریڈز میں پاس کردیا گیا ہے۔ سکھر تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات عبدالسمیع سومرو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج کا اعلان کورونا کے باعث حکومت کی جانب سے امتحانات کے حوالے سے جاری پالیسی کے مطابق کیا جارہا ہے، جس کے تحت فیل ہونے والے امیدواروں کو بھی اضافی مارکس دے کر پاس کردیا گیا ہے۔ ناظم امتحانات کے جاری کردہ نتائج کے مطابق اس سال پری میڈیکل گروپ میں 23080 امیدواروں نے فارم بھرا تھا جس میں سے 1681 کو اے ون، 1988 کو اے، 4842 کو بی، 7293 کو سی، 6761 کو ڈی اور 496 کو ای گریڈ میں پاس کیا گیا ہے۔ اس طرح تمام گروپس میں 23061 امیدواروں کو پاس کیا گیا ہے جبکہ 19 کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روکے گئے ہیں۔ اسی طرح پری انجینئرنگ گروپ میں اس سال 17614 امیدواروں نے فارم بھرے، جن میں سے اے ون گریڈ میں 670، اے گریڈ میں 1071، بی گریڈ میں 3317، سی گریڈ میں 4930، ڈی گریڈ میں 6448 اور ای گریڈ میں 1159 امیدواروں کو پاس کردیا گیا ہے جبکہ 19 امیدواروں کے نتائج روک لیے گئے ہیں۔ آرٹس گروپ میں امسال 4948 امیدواروں نے فارم بھرا تھا، جس میں اے گریڈ میں 13، بی گریڈ میں 120، سی گریڈ میں 1136، ڈی گریڈ میں 2818، ای گریڈ میں 851 امیدوار پاس کیے گئے ہیں، 5 امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روک دیے گئے ہیں۔ کامرس گروپ میں 399 امیدواروں نے فارم بھرا، ایون میں 4، اے میں 15، بی میں 52، سی میں 74، ڈی میں 188 اور ای گریڈ میں 61 امیدواروں کو پاس کیا گیا ہے اور 5 کے نتائج روکے گئے ہیں جبکہ ہوم اکنامکس گروپ میں 8 امیدواروں نے فارم بھرا جس میں سے 2 بی، 2 سی، 3 ڈی اور ایک ای گریڈ میں پاس کیا گیا ہے۔ اس طرح تمام گروپس میں امتحانی فارم بھرنے والے 46049 امیدواروں میں سے 45996 امیدوار پاس قرار دیے گئے ہیں اور صرف 53 امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روکے گئے ہیں۔ اس طرح سکھر بورڈ سے اس سال بارہویں جماعت پاس کرنے والے امیدواروں کی کامیابی کا شرح تناسب سو فیصد کے لگ بھگ رہا ہے۔