تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز میں تعینات امریکی بیڑے کی تصاویر جاری کردیں۔ خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر یو ایس ایس نمٹز نامی امریکی طیارہ بردار جہاز کی ہیں، جنہیں ایرانی جاسوس ڈرون نے کامیابی سے آبنائے ہرمز میں محفوظ کیا ہے۔ تصاویر میں واضح طور پر بحری بیڑے پر موجود لڑاکا طیاروں کو ترتیب سے کھڑ ادیکھا جاسکتا ہے۔ نمٹز اور دیگر جہازوں کو امریکی بحریہ کی جانب سے جمعہ کے روز آبنائے ہرمز میں تعینات کیا گیا تھا۔ ادھر بحرین میں قائم امریکی بحری اڈے نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے دعوے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی بحریہ نے 2007ء کے بعد سے آبنائے ہرمز پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ اس دوران نگرانی کرتے ہوئے ایرانی فوج وہاں سے گزرنے والے جہازوں کی کئی بار تصاویر لے کر جاری کرچکی ہے۔ دوسری جانب ملکی سطح پر تیار کیے جانے والے 188 ڈرون طیارے اور جنگی ہیلی کاپٹر ایرانی فوج کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ تسنیم کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے سربراہ ایرانی آرمی چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے ڈروں طیارے اور ہیلی کاپٹر فوج کے حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر حسین سلامی کا کہناتھاکہ سمندری محافظ ڈرون، ہیلی کاپٹر، ائرکرافٹ اور دیگر ہتھیاروں کا بہترین استعمال کررہے ہیں۔ ڈرون طیارے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بڑا اور اہم قدم ہے، جس نے ثابت کردکھایا ہے کہ دشمنوں کی پابندیاں دفاعی صنعتوں کی پیش ررفت میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ6جدید ترین ہیلی کاپٹربھی فوج کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ ان میں سے 2ہیلی کاپٹر پانی پر لینڈنگ کرنے کی استعداد رکھتے ہیں،جب کہ باقی 4 میزائل لے جانے اور فائر کرنے کی صلاحیت سے لیس ہیں۔