لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے۔ نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ فوج آئینی ادارہ ہے اور اس آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی عمل ہے۔ نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں جو قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہر وہ کام نہ
کریں جو الطاف حسین کرتے رہے ہیں، الطاف حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ان کا انجام بھی اپنے ذہن میں رکھیں۔ آج الطاف حسین قومی سیاست میں ماضی کا قصہ بن چکے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی کچھ ہی دن پہلے آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم کو بھانپتے ہوئے پاک فوج کو بھی جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا اور عین اس دوران نوازشریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے نوازشریف کے فوج دشمن بیان پر جس طرح شادیانے بجائے ہیں اور ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آ گئی ہے حالانکہ جب وہ وزیراعظم تھے اور بھارت روزانہ کنٹرول لائن پر بمباری کر کے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر رہا تھا تو نوازشریف نریندر مودی کے ساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے اور اس کے گھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے جبکہ فوج کنٹرول لائن پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی تھی۔