راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کو عدالتی نظام پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس ملک میں بے نظیر بھٹو کو انصاف نہیں مل سکا تو کسے انصاف ملے گا؟ ان خیالات کا اظہار سردار لطیف کھوسہ نے راولپنڈی بینچ میں اپیلوں کی سماعت کے بعداحاطہ عدالت میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ 13 سال سے بینظیر بھٹو کیس میں اپیلوں کی سماعت اور اس میں طوالت عدلیہ
کے نظام پر سوالیہ نشان ہے، سزا یافتہ پولیس افسران کو ترقیاں دے دی گئیں، 13 سال سے سابق وزیراعظم کے قتل کیس میں انصاف کے متلاشی ہیں، سابق صدر پرویز مشرف کو کوئی کٹہرے میں نہیں لاسکا، لوگ کہتے ہیں کہ بی بی ہم شرمندہ ہیں تیرے قاتل زندہ ہیں۔ مجھے انصاف کے ایوانوں سے انصاف کی امید ہے۔ سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ فوج سب کی ہے مگر سیاست سیاستدانوں کا کام ہے افواج پاکستان پوری قوم کی ہیں،بھارت پاکستان کا دشمن ہے، پیپلز پارٹی کی کشمیر پالیسی واضح ہے، بھارت کیا کہہ رہا ہے ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، بھارت ہمارا دشمن ہے باتیں کرتا رہتا ہے۔