لاڑکانہ، او پی ڈیز بند کرنے والے 11 پیرا میڈیکس کے تبادلے

285

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے درمیان چپقلش کا معاملہ، او پی ڈیز گزشہ 14 روز سے بند ہزاروں مریض پریشانی کا شکار ہوگئے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چانڈکا اسپتال ڈاکٹر ارشاد کاظمی کے نارروا سلوک کیخلاف پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ 14 روز سے اسپتال کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ جاری ہے، جبکہ سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کر کے پولیس کی مدد سے تلخ کلامی کے بعد بند او پی ڈیز کو کھلوانے کی کوشش کی گئی، جسے پیرا میڈکل اسٹاف نے ناکام بنا دیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ دو کروڑ روپے ادویات چوری معاملے کے بعد اسپتال کے مرکزی اسٹور پر بائیو میٹرک سسٹم لگانا میرا گناہ بن گیا ہے، اب ادویات کے مرکزی اسٹور میں بائیو میٹرک اور فیس دینے والے ملازمین ہی داخل ہو پائیں گے، گھوسٹ ملازمین قابل قبول نہیں، زبردستی او پی ڈیز بند کروانے پر پیرا میڈیکل یونین رہنماؤں سمیت 11 افراد کو محکمہ ہیلتھ کراچی رلیو کیا ہے جبکہ پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے انتقامی کارروائی کی ہے، احتجاج سول سوسائٹی کا نہیں بلکہ ایم ایس کا اپنا پلانٹڈ ہے، جنہوں نے احتجاج کے نام پر جھگڑا اور فساد کرنے کی کوشش کی، ایسے تمام حربوں کو ناکام بنائیں گے اور ایم ایس کے تبادلے تک احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب او پی ڈیز کے مسلسل بند ہونے سے ہزاروں مریض متاثر ہوچکے ہیں۔