کراچی (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی رہنما نثار کھوڑو نے نیب کی جانب سے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت کرالی‘ درخواست ضمانت کی
سماعت کے دوران عدالت نے نیب کو نثار کھوڑو کی گرفتاری سے روکتے ہوئے انہیں 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا‘ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو نثار کھوڑو کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ نیب نے آمدن سے زاید اثاثے بنانے سمیت2 مختلف انکوائریوں میں طلب کر رکھا ہے‘مجھے گرفتار کیا جاسکتا ہے‘ نیب کو اس سے روکا جائے‘ تفتیش میں نیب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہوں‘حفاظتی ضمانت دی جائے۔ واضح رہے کہ نثار کھوڑو کو نیب سکھر نے تحقیقات کے لیے طلب کر رکھا ہے۔