لاہور ہائیکورٹ: شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع

255

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ نے منی لانڈرنگ کیس میں
شہباز شریف کی جانب سے دائر کردہ درخواست عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 1روز کے وقفے کے بعد 24 ستمبر تک کے لیے توسیع کردی ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے درخواست عبوری ضمانت کے حق میں دلائل پیش کیے۔ دوران سماعت شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ سمیت (ن) لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت کے اندر اور باہر موجود تھی۔ شہباز شریف پیشی کے لیے جیسے ہی لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو ان سے اظہار یکجہتی کیلیے پہلے سے موجود لیگی رہنمائوں اور کارکنوں نے شہباز شریف کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور اسی قسم کی صورتحال پیشی کے بعد شہباز شریف کی واپسی پر دیکھنے میں آئی۔ اس موقع پر پولیس سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے جبکہ ہائیکورٹ کے احاطہ کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی۔