اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات اقوام متحدہ کی دیرینہ اور واضح ترین ناکامیوں کے مظاہر ہیں۔ کشمیر ی عوام اپنے حق کے حصول کے لیے آج بھی منتظر ہیں، جس کا اقوام متحدہ نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا۔ طاقت کے بہیمانہ استعمال کے سامنے بے بسی دکھائی دیتی ہے۔دوسری جنگ عظیم کا موجب بننے والی نسل پرستی اور فسطائی قوتیں غیرملکیوں اور اسلام سے نفرت کی شکل میں دوبارہ سر اٹھارہی ہیں۔فسطائی نظریات پر کاربند دیگر ایسے ممالک بھی ہیں جو اقوام متحدہ کے اصولوں کی سرعام دھجیاں اڑاتے ہیں۔ منگل کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کی اذیت ناک سختیوں و تباہ کاریوں اورکچھ کی دیگر پر برتری کے غلط نظریات کی راکھ سے اقوام متحدہ کی امید نے جنم لیا تھا۔اس ادارے کے وجود نے ایک تاریخی ضروری تقاضا پورا کیا تھا۔ وہ ضروری تقاضا یہ تھا کہ ’’آنے والی نسلوں کو جنگ کے عفریت سے بچایا جائے۔‘‘ اور مرد و زن، چھوٹی بڑی اقوام ہونے سے قطع نظر ،ان کے مساوی و بنیادی حقوق کے تحفظ وآبیاری کے لیے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے، زیادہ آزادی کے ساتھ معیار زندگی بہتر بنانے کی جستجو کی جائے۔ان خوشیوں کو مناتے ہوئے ہمیں اس کی کمزوریوں اور ناکامیوں کو نظرانداز نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات اس ادارے کی دیرینہ اور واضح ترین ناکامیوں کے مظاہر میں سے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام استصواب رائے کے اپنے حق کے حصول کے لیے آج بھی منتظر ہیں، جس کا اقوام متحدہ نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا۔ اس کی قراردادوں اور فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، باہمی تعاون خاص طورپر سلامتی کونسل کے معاملے میں کم ترین سطح پر ہے۔دوسری جنگ عظیم کا موجب بننے والی نسل پرستی اور فسطائی قوتیں غیرملکیوں اور اسلام سے نفرت کی شکل میں دوبارہ سر اٹھارہی ہیں۔ علاوہ ازیںخصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا چھٹا اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت، وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کی گئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھاکہ بھارت کے انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلقہ جرائم کی فہرست بہت طویل ہوتی جارہی ہے۔مزید برآں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کوصوبہ بنانے کی مشاورت جاری ہے وہاں کے شہریوں کی دیرینہ خواہش ہے کہ ان کا تشخص ہونا چاہیے ہم پوری کوشش کریں گے کشمیر پر ہمارے مؤقف پر کوئی آنچ نہ آئے ۔