جوکووچ نے اٹالین ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

271

روم (جسارت نیوز) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس سے نااہل ہونے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیلنے والے سرب کھلاڑی نے مینز سنگلز فائنل میں ڈیاگو شوارٹزمین کو شکست دے کر ریکارڈ 36 واں ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اٹلی کے دارالحکومت روم میں ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں 33 سالہ عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوویک جوکووچ نے عمدہ روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف ڈیاگو شوارٹز مین کو ا سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-3 سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ جیت لیا بلکہ ریکارڈ 36 واں ماسٹر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ نوویک جوکووچ اس سے قبل اس ریکارڈ میں ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال کے ہم پلہ تھے دونوں کھلاڑیوں نے یہ ٹائٹل 35، 35 مرتبہ جیتا تھا تاہم اٹالین اوپن ٹینس جیت کر نوویک جوکووچ نے رافیل نڈال کا 35 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اب ماسٹرز ٹائٹل میں سربیا کے نوویک جوکووچ 36 ٹائٹلز کے ساتھ پہلے ہسپانوی ٹینس ا سٹار رافیل نڈال 35 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 28 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے، امریکا کے آندرے آگاسی 17 ٹائٹلز کے ساتھ چوتھے جبکہ برطانوی ٹینس ا سٹار اینڈی مرے 14 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہیں۔ یہ نوویک جوکووچ کے ٹینس کیریئر کا 81 واں ٹائٹل ہے۔ تیسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔