اسلام آباد (آن لائن) اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پارلیمنٹ کو مرکز بنایا جائیگا، اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں تنازعات کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔عالمی امن دن کے موقع پارلیمنٹری سروسز پیپس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کی تعلیمات دیتاہے۔ انہوں نے کہا اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا نبی کریم خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والے ہی دنیا میں امن لا سکتے ہیں۔ امن کے قیام کے لیے جان کی قربانی بھی دینا پڑے تو دریغ نہیں کریں گے، گزشتہ ایک سال کے دوران کشمیری عوام اپنی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کشمیر میں 22 ہزار عورتیں بیوہ ہو چکی ہیں۔ کشمیر میں ہزاروں نوجوان شہید ہو چکے ہیں اور سینکڑوں عورتوں کی عصمت دری کی جا چکی ہے ۔،عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پارلیمنٹ کو اس کا مرکز بنایا جائے گا۔