لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 27 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور شراب برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔ کنگا پولیس نے روپوش ملزم بشیر خروس کو، رتو ڈیرو پولیس نے ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش ملزم ذوالفقار گھانگھرو کو، سیہڑ پولیس نے ضلع دادو کے اشتہاری ملزم قربان چانڈیو کو، نوڈیرو پولیس نے مقتول مجاہد میتلو قتل کیس میں ملوث دو ملزمان سجاد میتلو اور صداقت میتلو کو پستول، رپیٹر اور گولیوں سمیت، حیدری پولیس نے ایڈووکیٹ ریاض حسین کناسرو، ڈکیتی کیس کے دوسرے ملزم عبداللہ گاڈہی کو پستول، 75 ہزار روپیے سمیت، علی گوہر آباد پولیس نے دوران چیکنگ ملزم جاوید بروہی اور ملزم پرویز گاد کو شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب دڑی اور رشید وگن پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر 17 جواریوں اور دو شرابیوں مختار، کامران، سکندر و دیگر کو نقدی، موبائل فونز اور شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ کے قریب تھانہ دھامرہ کی حد میرو خان روڈ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں بلوچستان کے شہر نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان امتیاز، حق نواز اور نادر کاچھیلو شدید زخمی ہوئے، جنہیں کار ڈرائیور نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان امتیاز کاچھیلو جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب نوجوان کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔