سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ہر یوسی میں اپنا نمائندہ کھڑا کرنے کا اعلان کردیا۔ سکھر کو کچرا کنڈی بنانے والوں کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے، اب وقت آگیا ہے کہ سکھر کی تباہی کے ذمے داروں کو بے نقاب کیا جائے گا اور عوامی طاقت سے سکھر شہر کو بہترین شہر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانا عبیداللہ بھٹو، مفتی چمن زمان نجم القادری، غلام مصطفی پھلپوٹو، آغا طاہر مغل، وحید کھوسو، رضوان قادری، شاہ محمد انڈھڑ، ظہیر حسین بھٹی، ڈاکٹر سعید اعوان، شریف ڈاڈا، محمد منیر میمن، عبدالقادر شیوانی، رئیس قریشی، عبدالباری انصاری، آغا محمد اکرم درانی، ذاکر خان، حسین جونیجو، محمد عامر، طارق گھمرو، سید حسن شہید، حافظ نیاز، امداد جھنڈیر، امام الدین محمدانی، ڈاڈو ابڑو، فقیر رمضان کورائی، غلام اکبر جاگیرانی، غلام حیدر راجپوت، اسلام نور، حاجی محمد علی، دلیپ کمار، وقار سومرو، محمد اقبال، عبدالقادر گھنیو، عبدالحمید بروہی، راشد خان، دربان علی، اعظم خان، ایاز ابڑو، گل حسن گوپانگ، شفیق الرحمن و دیگر نے شرکت کی۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ سکھر شہر ہمارا ہے، سکھر شہر میں بلدیاتی مسائل کا انبار ہے، ہر طرف کچرے کے ڈھیر، ڈرینج کا گندا پانی لوگوں کا استقبال کررہا ہے۔ افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ سابق میئر صرف اور صرف سب اچھا ہے کا نعرہ لگا رہے ہیں، لیکن ان کا کام صفر ہے۔ سکھر کے عوام کو اب سوچنا ہوگا کہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کو دوبارہ گندگی اور گندے پانی میں دھکیلنا چاہتے ہیں یا سکھر شہر کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے حقیقی لوگوں کو سامنے لائیں گے۔ بلدیاتی نظام محلے کی سطح کا نظام ہوتا ہے، جس میں عام آدمی کے مسائل حل ہوتے ہیں لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس کو سیاسی ٹھیکیدار خرید و فروخت کے ذریعے اپنے قابو میں کرلیتے ہیں اور جس سے آنے والی نسلوں کا نقصان ہوتا ہے۔ ہمارے ٹیکسوں پر پلنے والے صرف اپنے گھروں کو روشن کرتے ہیں۔ شہر اور عوام کے مسائل سے ان کا کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے لیے آواز بلند کی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں تمام یوسیز پر سکھر ڈیولپمنٹ الائنس اپنے نمائندے کھڑا کرے گا۔ اجلاس میں شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس میں سکھر کی معززین اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے جن میں مفتی محمد چمن زمان نجم القادری، وحید کھوسو، حسیب جونیجو و دیگر نے شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے ایس ڈی اے چیئرمین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور سکھر شہر کے مسائل کے حل کے لیے ان کے شانہ بشانہ چلنے کا یقین دلایا ۔