عدالت عظمیٰ: پولیس افسر کی نوکری پر بحالی کی درخواست مسترد

201

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے سندھ پولیس کے افسر سیف بھنل شاہ کی نوکری پر بحالی کی درخواست مستردکردی۔ معاملہ کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ درخواست گزار بھنل شاہ کے خلاف 5 انکوائریاں ہوئیں اور سزائیں بھی ملیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس کے خلاف اتنے پرچے ہوں اس کو کیسے نوکری پر بحال کریں، آپ کی درخواست سندھ سروس ٹریبونل نے
بھی مسترد کردی ہے، سب کو پتا ہے کہ پولیس سروس میں کیا کچھ ہوتا ہے، درخواست گزار اپنا نجی تھانہ چلا رہاتھا اس کے خلاف اغوا برائے تاوان کے مقدمات بھی درج ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے اس موقع پر مؤقف اپنایا کہ میرے موکل کیخلافجھوٹے مقدمات بنائے گئے، میرے موکل کیخلاف کسی نے کوئی گواہی نہیں دی، یکطرفہ انکوائری کرکے فیصلہ دیا گیا۔ عدالت نے نوکری پر بحالی کی درخواست مسترد قرار دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔