جعلی اکائونٹس کیس‘ زرداری کی درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

109

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین آصف علی
زرداری کی8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزایکشنز کے کیس میں درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل2 رکنی بینچ درخواست ضمانت پر کل (بدھ) 23 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ آصف علی زرداری نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر درخواست ضمانت دائر کی تھی۔دریں اثنااسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی درخواست پر وزیر مواصلات مراد سعید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل عارف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000ء پر مکمل عمل درآمد کا حکم دیا تھا‘ تاہم عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی دارالحکومت میں پلاٹوں کی الاٹمنٹس پر حکم امتناع کی خلاف ورزی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ڈی جی ہائوسنگ فائونڈیشن، ڈی جی فیڈرل ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ 11 ماہ سے سی ڈی اے اور ہائوسنگ فائونڈیشن کو پلاٹ الاٹمنٹ سے روک رکھا ہے۔