قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

533

 

کیا یہ لوگ کہتے ہیں کہ اِس شخص نے اللہ پر جھوٹا بہتان گھڑ لیا ہے؟ اگر اللہ چاہے تو تمہارے دل پر مہر کر دے وہ باطل کو مٹا دیتا ہے اور حق کو اپنے فرمانوں سے حق کر دکھاتا ہے وہ سینوں کے چھپے ہوئے راز جانتا ہے۔ وہی ہے جو اپنے بندوں سے توبہ قبول کرتا ہے اور برائیوں سے درگزر کرتا ہے، حالانکہ تم لوگوں کے سب افعال کا اْ سے علم ہے۔ وہ ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کی دعا قبول کرتا ہے اور اپنے فضل سے ان کو اور زیادہ دیتا ہے رہے انکار کرنے والے، تو ان کے لیے دردناک سزا ہے۔ (سورۃ الشوری:24تا26)

سیدنا ابو امامہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہؐ سے دریافت کیا گیا: یارسول اللہ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم)کون سے وقت کی دعا زیادہ قبول ہوتی ہے؟ ارشاد فرمایا: رات کے آخری حصہ میں اور فرض نمازوں کے بعد۔ (ترمذی)
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رحم (رشتہ داری) کا تعلق رحمن سے جڑا ہوا ہے پس اللہ نے(اس سے) فرمایا: ’’جو کوئی اپنے آپ کو تیرے ساتھ جوڑے گا میں بھی اس کو اپنے ساتھ جوڑوں گا اور جو کوئی تجھے توڑے گا میں بھی اپنے آپ سے اس کو توڑ دوں گا‘‘۔ (بخاری)