نوابشاہ (سٹی رپورٹر) منظور نظر افراد کی بھرتی کے لیے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین فارغ، شہید بینظیر آباد انٹرمیڈیٹ بورڈ میں خالی اسامیوں پر من پسند افراد کی تعیناتی کے لیے بغیر دستخط اور مہر کے چیئرمین بورڈ فاروق حسن کی جانب سے جاری کردہ ایک لیٹرکے ذریعے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں یومیہ اجرت پر رواں سال مارچ سے بورڈ آفس کے مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے عارضی ملازمین سے خدمات واپس لے کر سیاسی پنڈتوں نے منظور نظر افراد کو بھرتی کرنے کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ آفس میں مختلف اسامیوں پر میرٹ کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے خالی اسامیوں پر سفارشی افراد کو غیرقانونی طور پر بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ حکمران پارٹی سے تعلق رکھنے والی شہر کی بااثر شخصیات اور سیاسی بازیگر بلدیاتی انتخابات کے لیے متحرک جیالوں کو نوازنے کے لیے سفارشی افرادکی اسامیوں پر تعیناتی کے خواہ ہیں جبکہ گریجویشن کرکے روزگار کے لیے مارے مارے پھرنے والے سیاسی سفارشی کلچر سے محروم میرٹ کے حامل بے روزگار نوجوانوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ خط سے متعلق مؤقف کے لیے رابے کے باوجود چیئرمین بورڈ سے رابط ممکن نہیں ہوا۔ سماجی رہنماؤں راشد ماجد رائو، اسلم نوری ودیگر نے کہا ہے کہ بورڈ آفس میں تمام بھرتیاں سسٹم کے تحت میرٹ کی بنیاد پر امتحانی ٹیسٹ لے کر کی جانی چاہییں تاکہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی حق تلفی نہ ہو۔