لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد کرلیے۔ تعلقہ پولیس نے دوران چیکنگ سنگین نوعیت کے مقدمے میں مطلوب ملزم برکت جتوئی کو ریوالر اور گولیوں سمیت، رشید وگن پولیس نے مطلوب ملزم انور بروہی کو سنگل بیرل بندوق اور کارتوسوں سمیت، بقاپور پولیس نے اشتہاری و روپوش تین ملزمان حاجی خان عمرانی، پرویز عرف پرو عمرانی اور محمد علی عرف وحید شیخ کو، رتوڈیرو پولیس نے روپوش ملزم علی رضا جویو کو گرفتار کرلیا جبکہ نوڈیرو پولیس نے مقتولہ سعیدہ بروہی کے قتل میں گرفتار مرکزی ملزم وحید میتلو سے تفتیش کے دوران قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرکے سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب رتوڈیرو پولیس نے شہری معشوق میرانی کی گمشدہ موبائل فون برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی جبکہ نوڈیرو پولیس نے شہری صاحب جکھرو کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ لاڑکانہ کے قریب پکھو شہر کے قریب مین انڈس ہائی وے روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل سلپ ہونے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار گاؤں رئیس درگاہی کے رہائشی 17 سالا نوجوان طارق مغیری اور ان کے 7 سالا رشتہ دار علی مغیری شدید زخمی ہوئے، جنہیں ورثاء اور علاقہ مکینوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان طارق مغیری دم توڑ گیا، جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی۔ ورثاء کے مطابق متوفی نوجوان طارق اپنے رشتہ دار علی مغیری کے ہمراہ کام کے سلسلے میں موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ پکھو شہر کے مین انڈس ہائی وے پر موٹر سائیکل سلپ ہونے کے نتیجے میں وہ جاں بحق اور اس کا رشتہ دار زخمی ہوا۔ دوسری جانب متوفی کی لاش ورثاء گاؤں لے گئے جہاں کہرام مچ گیا۔ قنبر کی عدالت کی جانب سے قتل کے مقدمے میں عمرقید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنانے کے بعد طبیعت خراب ہونے والا قنبر شہر کے باگو دیرو کا رہائشی ملزم نور حسین گوپانگ لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے جیل وارڈ میں دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ سینٹرل جیل انتظامیہ کے مطابق متوفی قیدی نور حسین گوپانگ کی طبیعت گزشتہ روز اچانک خراب ہوئی جس پر انہیں چانڈکا اسپتال کے جیل وارڈ منتقل کیا جہاں بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث ملزم دم توڑ گیا۔