سکھر ،جناح ویلفیئر کے تحت مہنگائی اور کرپشن کیخلاف احتجاج

272

سکھر (نمائندہ جسارت) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کرپشن کیخلاف سکھر کے شہریوں کا گلے میں طوق ڈال کرانوکھا احتجاج، موجودہ حکومت کی عوام دشمن، ناقص پالیسیوں اور کرپشن میں ملوث سیاستدانوں ، بیورو کریٹس کیخلاف نعرے بازی، جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا یہ ملک معاشی بحران سے نہیں نکلے گا ، اصلاح الدین شیخ و دیگر مظاہرین کا اظہار خیال۔ جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شہریوں کی کثیر تعداد نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڑ اور بینرز اٹھا کر جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ،خیر محمد قریشی، بشیر منٹھار، نعیم الدین شیخ، نصیب الدین خان و دیگر کی قیادت میں گلے میں طوق ڈال کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور موجودہ حکومت کی عوام دشمن، ناقص پالیسیوں اور کرپشن میں ملوث سیاستدانوں، بیورو کریٹس کیخلاف فلک شگاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب و مظلوم طبقہ مزید پریشان حال ہوگیا ہے لیکن افسوس مہنگائی کے باوجود کرپشن میں ملوث سیاستدان اور بیورو کریٹس اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، انہیں نا تو ملک کا خیال اور نا ہی اس ملک کے غریب مظلوم عوام کا، مہنگائی کے باعث لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں دو وقت کی روٹی کھانا غریب لوگوں کے لیے مشکل بنادیا گیا۔ سرکاری محکموں میں کوئی کام بنا رشوت کہ ہو کر نہیں دیتا، انصاف و تحفظ فراہمی کے لیے غریب و مظلوم طبقہ در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رکھی ہیں۔ عمران خان کے نئے پاکستان میں کرپشن ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی، آئے روز غریب اور مظلوم عوام پر نت نئے طریقوں سے مہنگائی کے ایٹم بم گرائے جارہے ہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار نے ملک کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر رکھا ہے لیکن ہمارے حکمران ملک کو بچانے کے بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرنے میں مصروف ہیں۔ موجودہ حالات میں امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ کرپشن میں ملوث سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کی بدعنوانیوں کی وجہ سے پاکستان ترقی کی جانب گامزن نہیں ہوپا رہا ہے۔ کورونا وائرس، لاک ڈائون ہو یا دیگر آفات یہ سب پاکستان کے مظلوم عوام کے لیے ہوتے ہیں لیکن ملک کا امیر طبقہ، سیاستدان، بیورو کریٹس اپنے گھروں اور اے سی دفاتروں میں بیٹھ کر ملک و قوم کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر خرچ کررہا ہے، انہیں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی کوئی فکر نہیں ہے، جو انتہائی دکھ کی بات ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس پاکستان سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لینے سمیت ملک سے کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنانے کا پُرزور مطالبہ کیا اور اعلان کیا گیا کہ جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور مہنگائی پر کنٹرول نہیں ہوگا ہمارا پُرامن احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔