وقت قریب ہے لوگ اسپیکر قومی اسمبلی کو جوتا مارینگے، شاہد خاقان

385

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کا رویہ انتہائی غیر مناسب تھا وہ وقت دور نہیں جب لوگ جوتا اٹھا کر اسپیکر کو ماریں گے، انہوں نے نہ قائد حزب اختلاف سمیت کسی اپوزیشن لیڈر کو بولنے دیا نہ ہی ہمارے دوبارہ گنتی کے مطالبے کو تسلیم کیا۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ حکومت نہ بات سمجھتی ہے نہ سننے کو تیار ہے، اسپیکر کا احترام ہونا چاہیے لیکن جب اسپیکر بار بار ہائوس کے رولز کو پامال کرے گا تو پھر احتجاج نہیں تو اور کیا ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ جو بل ایجنڈے پر نہیںتھے وہ بھی لائے گئے۔ پی ایم بی سی کا بل پاس کرایا گیا۔ میں حقیقت سے کہتا ہوں یہ بل کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہوگا۔ یہ میڈیکل شعبے کو تباہ کردے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسمبلی کے اندر ضمیر فروش ہیں ہماری صفوں میں بھی ضمیر فروش ہیں، دبائو ڈالا جاتا ہے ہر آدمی دبائو برداشت نہیںکرسکتا۔ ن لیگ کے جو ارکان اسمبلی نہیں آئے ان پر دبائو ڈالا گیا ہوگا۔ سینیٹر راحیلہ مگسی پر پارٹی نے احسان کیا اب ان کاکام ہے احسان کا بدلہ دیں ان کو بتانا ہوگا کہ وہ کیوں نہیں آئیں؟ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کے 31 ارکان کو پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے تھا لیکن نہیں تھے۔