لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قیدیوں کے مسائل اور فرائض سے غفلت پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا دورہ کیا۔ جیل میں قیدیوں کے مسائل اور فرائض سے غفلت پر سپرنٹنڈنٹ جیل چودھری ارشد وڑائچ کو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے اسپتال کا بھی معائنہ کیا اور قیدی مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دل کے عارضے میں مبتلا قیدی کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر عثمان بزدار نے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے، بیرکوں میں جا کر ان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے آیا ہوں، بلاخوف مجھے اپنے دل کی بات بتائیں۔وزیراعلیٰ نے بیرکوں میں پنکھوںکی کم رفتار پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ایگزاسٹ فین لگانے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے شکایت باکس کھولنے کا کہا تو جیل کا عملہ چابی نہ ڈھونڈ سکا۔ شکایت باکس توڑنے پر خالی نکلے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر شکایت باکس خالی پڑے ہیں تو انہیں رکھنے کا کیا فائدہ؟ اس کے علاوہ الیکٹرک واٹر کولر میں پانی ٹھنڈا نہیں تھا۔ استفسار پر سپرنٹنڈنٹ جیل تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔