کرپٹ افسران کےخلاف تحقیقات انجام کو پہنچے گی، ایاز صادق

343

اسلام آباد (آن لائن) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں مبینہ کرپشن کرنےوالے اعلیٰ حکام کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ذمے دار افسران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی اے سی سیکرٹریٹ کے افسران کی طرف سے میٹنگ منٹس تبدیل کر کے اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث مافیا کو بچایا گیا ۔ اس معاملہ کو پی اے سی اجلاس میں بھی اجاگر کیا تھا اور اس کی تحقیقات کے مطالبہ سے پیچھے نہیں ہٹا ہوں۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی اے سی کرپٹ مافیا کو نکالا جائیگا اور دیانتدار اعلیٰ افسران کو اہم ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔ پی اے سی سیکرٹریٹ کے چند اعلیٰ افسران نے ہمارے احکامات سے ٹمپرنگ کی ہے اور کرپٹ مافیا کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے پی اے سی سے میٹنگ منٹس منظور اور تصدیق کرانے کی کوشش کی تھی لیکن میں نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔